یہی حکومت رہی تو میں افغانستان چلا جائونگا، وزیر اعلیٰ کے پی

May 17, 2022

پشاور (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ یہی حکومت رہی تو میں افغانستان چلا جائونگا، موجودہ وفاقی حکومت کیساتھ چلنا ہمارے لئے بہت مشکل ہے کیونکہ مجھے ان لوگوں کی شکلیں پسند نہیں، ان کیساتھ کیا بیٹھیں گے، اب تو درمیان والا فارن منسٹر بن گیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پولیو نیشنل ٹاسک فورس کی میٹنگ میں شرکت کیلئے مجھ سے رابطہ کیا گیا مگر میں نے شرکت سے انکار کرتے ہوئے وزیر صحت تیمور جھگڑا کو بھجوایا کیونکہ مجھے لوگوں کی شکلیں پسند نہیں، میں انکے ساتھ کیا بیٹھو ں گا ، موجودہ حکومت کے ساتھ چلنا میرے لئے بہت مشکل ہے کیونکہ ہمیں تو عمران خان کے ساتھ چلنے کی عادت ہوگئی تھی ، وزیر اعلی نے بلاول بھٹو پر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اب تو درمیان والا فارن منسٹر بن گیا ہے، اللہ خیر کرے یہ پاکستان کو اگے کیسے لے کر جائیگا، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہم نے تو پہلے کہا تھا کہ اگر یہ لوگ حکومت میں اجاتے ہیں تو ہم افغانستان ہجرت کریں گے کیونکہ افغانستان میں ہمارا گزارا ہوسکتا ہے۔