پشاور (نیوزرپورٹر)ایڈیشنل سیشن جج پشاو ر رفیع اللہ نے چار افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مختلف دفعات میں چار بار عمر قیداورمجموعی طور پر سترہ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی ۔ استغاثہ کے مطابق مدعی مقدمہ اسداللہ نے تھانہ چمکنی پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ وہ اپنے والد شیراز سمیت دیگر رشتہ دار ممریز، گلاب شیر، جنگریز ساکنان ارمڑبالا سیشن کورٹ پشاور سے گھر واپس اپنی گاڑ ی میں جارہے تھے کہ اس دوارن ترناب فارم کے قریب موٹرسائیکل اورگاڑی میں سوار ملزمان یاسین ولی، شیر ولی، نورولی، گل ولی، گل سید ، رازق ، ضیاء اور فضل شاہ نے ہماری گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے گلاب شیر ، ممریز،جنگریز اور شیرازموقع پر ہی جاں بحق جبکہ دیگر زخمی ہوئے ، پولیس نے قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی بعدازیں دوملزمان نور ولی اور فضل رازق کو گرفتار کرلیا گیا ۔گزشتہ روز ملزمان کا ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو دفعہ 302 میں چاربار عمر قید اورچاروں مقتولین کے ورثاء کو 16 لاکھ روپے ادا، اسی طرح دفعہ 324میں تین سال قید اور پچاس ہزار روپے ، دفعہ 427میں پچاس ہزار روپے اور دفعہ 148 میں تین سال قید کی سزا سنادی جبکہ دیگر معاون مفرور ملزمان یاسین ولی ، شیر ولی، گل ولی، گل سید، ، نورسید، ضیاء اور فضل شاہ کواشتہاری قرار دے دیاگیا۔