پشاور(جنگ نیوز)زرعی یونیورسٹی پشاور کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا مینا خان آفریدی کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے زرعی یونیورسٹی پشاور کو شاندار کارکردگی کے اعتراف میں کیش انعام سے نوازنا ادارے کی مجموعی کاوشوں، تعلیمی و تحقیقی خدمات اور بہترین انتظامی کارکردگی پر اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور جامعات میں تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کارکردگی کے فروغ کے لئے کارکردگی کی بنیاد پر گرانٹس (Performance Grants) کی فراہمی کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جامعات میں احتساب، معیاری تدریس، تحقیق، اختراع، طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانا ہے، جس سے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں صحت مند مسابقت اور معیار کو فروغ ملے گا-وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی پشاور کو تعلیمی، تحقیقی، اختراعی اور انتظامی شعبوں میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے قومی و بین الاقوامی درجہ بندی میں مزید اعلیٰ مقام دلانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیارِ تعلیم، معیاری تحقیق، جدید اختراع، شفاف طرزِ حکمرانی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کی فراہمی ان کی ترجیحات میں سرفہرست رہے گی، تاکہ زرعی یونیورسٹی پشاور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک ممتاز، جدید اور مثالی ادارے کے طور پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کر سکے اور صوبے و ملک کی زرعی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتی رہے۔