پشاور (جنگ نیوز) عالمی شہرت یافتہ یورولوجسٹ، ریسرچر،میڈیکل ایجوکیشنسٹ اور پروفیسر،انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز (آئی کے ڈی)، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) ڈاکٹر لیاقت علی 11 سے 14 نومبر تک اٹلی کے شہر فلورنس میں منعقد ہونے والی 46ویں بین الاقوامی یورولوجی کانفرنس میں شرکت کرکے پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔دستیاب معلومات کے مطابق، ڈاکٹر لیاقت علی خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے واحد پروفیسر آف یورولوجی ہیں،جو اس بین الاقوامی فورم میں شریک ہوں گے، جہاں دنیا بھر سے یورولوجی کے ماہرین باہمی تعاون کو فروغ دینے اور یورولوجی کی خدمات کی ترقی کیلئے جمع ہوں گے۔ڈاکٹر لیاقت علی اس موقع پر تین تحقیقی مقالے پیش کرنے کے علاوہ سارک ایسوسی ایشن آف یورولوجیکل سرجنز کے مشترکہ اجلاس کی شریک صدارت بھی کریں گے۔