آنے والے دنوں میں مزید خرابی آئے گی‘ حماد اظہر

May 18, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ شکر ہے کورونا وبا کے دوران امپورٹڈ حکومت مسلط نہیں ہوئی تھی، یہ ملک میں بغیر کسی ناگہانی مصیبت کے تباہی لے آئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں مزید خرابی آئے گی‘ لوڈشیڈنگ کی ابتر صورتحال، امپورٹڈ حکومت کی ناقص حکمت عملی سے عوام پریشان ہیں۔ امپورٹڈ حکومت میں بدترین گورننس اور معاشی حالات دن بدن ابتر ہونے لگے ہیں۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام سوچیں مصیبت کے دوران ان کی کارکردگی کیسی ہوتی؟ ادھر ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ ملک میں اس وقت 5500میگاواٹ کی شدید لوڈشیڈنگ جاری ہے، امپورٹڈ حکومت پاور پلانٹس پر فیول سپلائی کی ادائیگیاں نہیں کر رہی، آنے والے دنوں میں مزید خرابی آئے گی۔