کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر ہاؤس پر جماعت اسلامی کا دھرنا 26ویں دن میں داخل، کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہا کہ ہزاروں ارب کا بجٹ سندھ حکومت کھا گئی، ٹاؤنز کو 3-4 کروڑ دے کر احسان جتایا جا رہا ہے۔ نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ دوسرے ٹاؤنز میں بجٹ کے باوجود کچھ نہیں ہو رہا، صرف کرپشن ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر دھرنا جمعرات کو 26ویں دن بھی جاری رہا۔ دھرنا گاہ میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمینز کے ہمراہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کچہری میں ٹاؤنز چیئرمینوں نے 3 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور دھرنے میں موجود بڑی اسکرین کے ذریعے اپنے اپنے ٹاؤنز میں کروائے گئے کام کے حوالے سے پریزینٹیشن بھی دکھائی گئی۔ دھرنے میں شریک شرکاء نے ٹاؤنز چیئرمینوں سے سوالات بھی کئے۔کھلی کچہری سے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سیف الدین ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مقصد صرف انتخابات جیتنا یا اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور ایک بہتر نظام قائم کرنا ہے۔