مقامی حکومتوں کے انتخابی نتائج لیبر کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ہیں،راجہ اسلم

May 18, 2022

لوٹن(شہزاد علی) ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ 5مئی کے مقامی حکومتوں کے انتخابی نتائج لیبر کے لیے ٹرننگ پوائنٹ ہیں، انہوں نے کہا لیبر پارٹی نے کنزرویٹو سے متعدد کونسلیں لے لی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ "ایک بڑا موڑ" ہے۔ انہوں نے کہاکہ لیبر لیڈر سر کئیر سٹارمر نے درست کہا ہے کہ 5 مئی کے انتخابات کے نتائج لیبر کے لیے ایک بڑا موڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان کی قابل ذکر تعداد نے کنزرویٹو کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کردیا ہے، ان انتخابات کے نتائج اب آئندہ عام انتخابات اور جن کونسلوں میں اگلے سال الیکشن ہوں گے، یقینی طور پر لیبر پارٹی کے لیے مثبت نتائج کے حامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنزرویٹو پارٹی کی حکومت نے ملک میں مہنگائی کو فروغ دیا، کونسلوں بالخصوص لیبر رن کونسلوں پر بجٹ کی کٹوتیوں کا سلسلہ جاری رکھا، عوام کو کورونا پابندیوں کا درس دینے والے وزیراعظم خود مبینہ طور پر بعض مرتبہ ان پابندیوں کوتوڑنے کے مرتکب پائےگئے مگر اخلاقی طور پر دیوالیہ پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی نہیں ہوئے، جس کا خمیازہ ان کی پارٹی کو بھگتنا پڑا ہے ۔