احتساب عدالت: آمدن سے زائد اثاثے زرعی ترقیاتی بینک ملازم گرفتار

May 18, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت ملتان نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے مقدمہ میں ملوث زرعی ترقیاتی بینک کے ملازم میاں انصار احمد کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے، ملزم کو ضمانت قبل از گرفتاری خارج ہونے پر گرفتار کیا گیا اب ملزم کو 23 مئی کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا، احتساب عدالت نے چلڈرن کمپلیکس ہسپتال ملتان میں ادویات خریداری میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت 3 گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے 31 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔قبل ازیں فاضل عدالت میں قومی احتساب بیورو کے مطابق چیف ایگزیکٹو میڈیسن کمپنی محمد جہانگیر بھٹی ،رانا آصف اقبال نے ہسپتال کے اکاؤنٹنٹ تبشر نقوی اور ایک ملازم عدیل نے ان کی کمپنی کے لیٹر پیڈ پر کوٹیشن دی اور آپس میں ملی بھگت کرکے جعلی ووچرز کے ذریعے رقم نکال لی ،دریں اثنااحتساب عدالت نے میٹرو بس منصوبہ میں مبینہ طور پر کرپشن کرنے کے ریفرنس میں سابق چیف انجینئر ایم ڈی اے سمیت 15 سرکاری افسران اور 7 کنٹریکٹرز کے خلاف کیس میں 11 ملزمان وسیم احمد، خالد پرویز، نذیر چغتائی، ریاض حسین، جاوید اقبال، منظور احمد، مسعود خان، صابر سدوزئی، امانت علی، منعم سعید اور شاہد نجم کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ملزمان کی استدعا پر 25 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔