شہری پانی استعمال میں احتیاط ، ضیاع سے اجتناب کریں، سی ڈی اے

May 18, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اےکے چیئرمین عامر علی احمدکی زیرِ صدارت موسم گرما کے دوران پانی کے ترسیلی نظام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں متعلقہ شعبوں کے افسران سمیت نے شرکت کی۔چیٔرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ برس مون سون کی بارشیں نسبتاً کم ہوئیں جس کے باعث پانی کے ذخائر زیادہ تسلی بخش نہیں تھے لیکن واٹر سپلائی ونگ کی مؤثر منصوبہ بندی کے تحت متبادل ذرائع سے شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی جاری رہی۔ اس موقع پر چیئرمین نے ہدایت کی کہ گرمی کی حالیہ لہر اور بالخصوص موسم گرما کے دوران تمام ٹینکرز کو فنکشنل کیا جائے اور شہر میں موجود پانی کی تنصیبات میں واٹر لیکجز سمیت دیگر ایسے نقائص جو پانی کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں ان پر فوراً قابو پایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں۔