دوآبہ پسماندگی اور لوڈشیڈنگ مسائل ترجیحاً حل کرینگے، مفتی عبدالرئوف

May 18, 2022

پشاور(نیوز رپورٹر)تحصیل چیئرمین چارسدہ مفتی عبد الرئوف شاکر نے کہا ہے کہ دوآبہ کی پسماندگی دور کرنے ، بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ سمیت تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوآبہ کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے کی۔ دوآبہ حجرہ کے آرگنائزر ایاز خان ، زاہد جان سمیت سیاسی مشران یوسف خان سلیمان خان مولانا عطاء الرحمان پر مشتمل وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام ف کے مولانا آفتاب نے کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے تحصیل چیئر مین کو دوآبہ کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دوآبہ میں گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوشیڈنگ جاری ہے جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ۔ دوآبہ میں گلی محلوں اور نالیوں سمیت سڑکوں کی صفائی نہ ہونے کے برابر ہے۔ سردریاب پل پر کام کی سست روی کی شکار ہے ۔جس کے باعث گزشتہ پانچ سال میں پل تعمیر نہ ہوسکا جس سے دوآبہ چارسدہ اور دیگر علاقوں کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوآبہ کے مین روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں آئے روز رہزنی موبائل سنیچنگ کے واقعات ہو رہے ہیں اس لیے دوآبہ کے عوام کا مطالبہ ہے کہ مختلف جگہوں پر پولیس چوکیاں تعمیر کی جائیں تاکہ رہزنی اور دیگر واقعات کا خاتمہ ہوسکے ۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین مفتی عبد الرئوف شاکر نے کہا دوآبہ کے مسائل کا علم ہے انشاء اللہ دوآبہ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام سے بات کریں گے انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ دوآبہ کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اور دوآبہ کی پسماندگی دور کرنے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔