ورلڈکپ میں جگہ بناؤ، نقد انعام پاؤ، ہاکی ٹیم کو فیڈریشن کی پیشکش

May 20, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیاکپ سے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے پر قومی ٹیم کو نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ روانگی سے قبل صدر فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری جنرل آصف باجوہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات میں اس فیصلے سے آگاہ کیا ۔ بعدازاں قومی ٹیم ایشیا کپ کیلئے جکارتا پہنچ گئی۔ ٹورنامنٹ 23مئی سے شروع ہوگا۔ ایونٹ کیلئے ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا۔ پول اے میں بھارت، جاپان، پاکستان ، انڈونیشیا جبکہ پول بی میں ملائیشیا ، کوریا، عمان اور بنگلا دیش شامل ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 23 مئی کو روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔ لاہور سے روانگی سے قبل کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈکپ میں رسائی ہمارا ہدف ہے، ٹیم متوازن ہے اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کریں گے۔