پشتونخوا وطن میں تشدد کے واقعات میں اضافہ گہری سازش ہے، اے این پی

May 20, 2022

کوئٹہ (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری یوتھ افیئرز خان زمان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوا وطن میں تشدد کے واقعات میں اضافہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک گہری سازش ہےباجوڑ سے بولان تک آپس کی لڑائیوں اور تشدد کے واقعات میں انتظامیہ کا کردار مجرمانہ رہا ہے۔ کسی ذاتی یا قبائلی تنازعے یا نامعلوم کا حوالہ دے کر خون آلود ہاتھوں کو نہیں چھپایا جاسکتا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوابی جو امن اور سکون کا گہوارہ تصور کیا جاتا تھا، پچھلے تین ماہ سے روز اپنے بچوں کے خون سے نہلایا جارہا ہے۔ سقوط کابل کے بعد تزویراتی گہرائی کی پالیسی کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پشتون سماج کو اندر سے توڑنے کیلئے قبائلی، خاندانی اور زمینی تنازعات کا سہارا لیا جارہا ہے۔ہماری نوجوان نسل کو تشدد اور منشیات کے ذریعے تباہ و برباد کرنے کے خطرناک منصوبے پر عمل جاری ہے۔حال ہی میں کئی ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں کہ طلبا اور نوجوانوں کی سیاسی اور ثقافتی سرگرمیوں پر پولیس حملہ آور ہوئے ہیں مگر کلاشنکوف بردار جھتے اور منشیات فروش کھلے عام بازاروں میں پھیرتے ہیں۔ سرکار کے ساتھ ان کا گٹھ جوڑ اب کوئی راز نہیں۔ قبائلی جرگوں کا سہارا لیکر نوجوانوں اور خواتین سے بنیادی انسانی آزادی کو چھینا جارہا ہے۔ عسکریت، مذہبی جنونیت، قبائلی منافرت اور تحریک انصاف کی لت بیک وقت پشتونوں کی قومی قوت کو منتشر کرنے کیلئے استعمال ہورہی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی اس صورتحال پر خاموش نہیں رہے گی۔اپنی قوم کی بقا کو یقینی بنانے کیلئے تمام امکانات کو بروئے کار لائیں گے۔