سمیرا سلیم میئر اور آصف مسعود چوہدری ڈپٹی میئر لوٹن منتخب ہوگئے

May 21, 2022

لوٹن (نمائندہ جنگ) لی گریو سے لیبر کونسلر سمیرا سلیم نئی میئر اور اکنیلڈ سے لیبر کونسلر آصف مسعود چوہدری ڈپٹی میئر لوٹن منتخب ہوگئے۔ سمیرا سلیم کے والد راجہ سلیم لوٹن کے میئر رہ چکے ہیں، لوٹن سنٹرل ماسک کے خطیب علامہ حافظ اعجاز احمد، کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن کے کو آرڈینیٹر حاجی چوہدری محمد قربان، قوم پرست کشمیری صادق سبہانی، پی ٹی آئی کے فیاض قریشی اور کاشر چوہدری، آزادکشمیر کے سابق طالب علم رہنما اعظم راجہ، سابق میئر کونسلر حاجی عابد اور کونسلر طاہر ملک سمیت متعدد نے نئی میئر اور نئے ڈپٹی میئر کے انتخاب کاخیر مقدم کیا ہے، حاجی چوہدری محمد قربان نے نئی میئر کو پھولوں کا گلدستہ اور کارڈ بھی پیش کیااور نیک خواہشات کا اظہار کیا، دیگر شخصیات نے بھی سابق میئر راجہ سلیم کو ان کی صاحبزادی کو ملنے والے مقام اور عہدہ کی مبارکباد پیش کی۔ دریں اثناء آصف مسعود چوہدری جو آزاد کشمیر کی طلبا سیاست میں خاصے فعال رہے اور کشمیر کی قومی آزادی اور خودمختاری کے لیے نیشنل اسٹوڈنٹس کے پلیٹ فارم سے نمایاں کاوشیں انجام دیں، پچھلے کچھ عرصے سے لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے متحرک ہیں، کے ڈپٹی میئر بننے پر ان کے سابق طالب علم رہنماؤں نے بھی ان کی کامیابی کا خیر مقدم کیا ہے اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان سے مثبت توقعات کا اظہار کیا ہے کہ وہ ماضی کی طرح لوٹن کونسل میں بھی کشمیر پر فعال کردار ادا کریں گے۔