یٰسین ملک کی رہائی کا معاملہ اقوام عالم کے سامنے اٹھایا جائے، چوہدری سعید

May 22, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ )جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدارحل کے لیے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کے مستقل ارکان کا اجلاس بلوائے جس میں کشمیر کی دو طرفہ قیادت کو شرکت کی دعوت دی جائے ۔ پاکستانی وزیر خارجہ کی یو این میں تقریر کشمیری عوام کی نمائندگی نہیں کرتی ،انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کو یاسین ملک کی رہائی سمیت دیگر اہم معاملات اقوام عالم کے سامنے اٹھانے چاہئے تھے ۔چوہدری محمد سعید نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، رائے شماری کے بغیر کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ کیسے ہو سکتا ہے، اقوام متحدہ کے ترجمان کو بھارت کے اس انداز بیان کو مسترد کر تے ہوئے وضاحتی بیان جاری کر نا چاہیے تھا۔کشمیر میں رائے شماری تک کشمیر کشمیر یوں کاہے، کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے ۔ وزیر خارجہ کو بھارتی مندوب کے اس بیان پر کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے احتجاج کرنا چاہیے تھا۔ چوہدری محمد سعید نے کہا کہ وزیر خارجہ کوکشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی رہائی کا مسئلہ بھی اقوام متحدہ میں اٹھانا چاہیے تھا، تاکہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں سے عالمی برادری آگاہ ہوسکے ۔ مگر وزیر خارجہ کی تقریر میں ان حقائق کو شامل نہیں کیا گیا جو انتہائی افسوناک ہے۔ چوہدری محمد سعید نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کے اس دعوے کے خلاف کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے، اس پر عالمی عدالت انصاف میں کیس چلایا جائے، بغیر رائے شماری کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ کیسے ہو سکتا ہے۔چوہدری محمد سعید نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پائیدارحل کے لیے اقوام متحدہ اور یو این سیکورٹی کونسل کے مستقل ارکان کا اجلاس بلوائے جس میں کشمیر کی دو طرفہ قیادت کو شرکت کی دعوت دی جائے ۔