مبینہ پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، زخمی سمیت 11ملزمان گرفتار

May 24, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 4ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ،تفصیلات کے مطابق شریف آباد پولیس سے ریلوے پھاٹک ایف سی ایریا کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو وقاص عرف مانا شنٹی ہلاک جبکہ احمد رضا عرف فوجی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، لوڈ میگزین 5 راؤنڈ، 4 چھینے ہوئے موبائل، 3900 روپے اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ،عزیزآبادپولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے مابین طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں2 ڈاکوئوں ناصر،عمر فاروق عرف عمر ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ،گرفتارزخمی ملزمان کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول ۔30 بور لوڈ میگزین، ایک موٹر سائیکل اور ایک موبائل فون برآمد کرلیا گیا ،علاوہ ازیں سپرہائی وے کوئٹہ ٹائون ناصرہ اسکول کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو 19سالہ وقار کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا۔ بغدادی پولیس نے لیاری سلاٹریارڈ روڈکے ایم سی ڈسپنسری کےقریب مبینہ مقابلےمیں ملزم اختر حسین کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ،کلری پو لیس نے ماڑی پور روڈ پرانہ ٹرک اڈے کے قر یب مبینہ مقابلے میں 2ملزمان ہمایوں اور اسلام کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے 2 کارروائیوں کے دوران بینکوں کے باہر لوٹ مارنے اور منشیات فروشی میں ملوث4ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔