کراچی (اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں3افراد جاں بحق اور دو بچیاں زخمی ہوگئیں ۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کی حدود ایم نائن موٹر وے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی کار کو ٹکر لگنے سے کار راہگیروں کو کچلتے ہوئے کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک راہگیر جاں بحق اور دو بچیاں زخمی ہو گئیں جبکہ کھائی میں گرنے والی کار کا ڈرائیور بیہوش ہوگیا ۔ جاں بحق شخص کی لاش ، زخمی اور بیہوش ہونے والے کار ڈرائیور کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے 45سالہ شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ہے جبکہ زخمی ہونے والی بچیوں میں 15سالہ رانی دختر عبدالغنی اور 13سالہ شانزے شامل ہیں جبکہ بیہوش ہونے والے کار کے ڈرائیور کی شناخت 45سالہ نیاز کے نام سے کی گئی ہے ۔زخمی ہونے والی بچیاں دمبا گوٹھ کی رہائشی ہیں۔