ایشین ہاکی، پاکستان نے انڈونیشیا کی درگت بنادی، 13-0 سے کامیاب

May 25, 2022

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم نے منگل کو جکارتا میں ایشیا کپ ہاکی میں میزبان انڈونیشیا کی در گت بنادی، پاکستان نے پاکستان نے 13گول سے کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل کیلئے پوزیشن مستحکم کرلی۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کو جاپان کے ہاتھوں 5-2 سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ میں بقا کی جنگ لڑنا پڑے گی۔ انڈونیشیا کی ٹیم میزبانی کی بدولت پہلی بار ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔ پاکستان کی جانب سے دوسرے ہی منٹ میں اسکورنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ رضوان علی نے ہیٹ ٹرک کی۔ اعجاز احمد، رانا وحید، عبدالمنان نے دو،دو جبکہ علی شان، غضنفر علی، مبشرعلی اور معین شکیل نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پھینکا ۔ میچ کے بہترین کھلاڑی رانا وحید قرار پائے ۔ پاکستانی ٹیم جمعرات کو ایشین چیمپئن جاپان سے میچ کھیلے گی۔ ٹیم کے منیجر خواجہ جنید نے کہا ہے کہ کار کردگی اچھی نظر آرہی ہے، کوشش ہوگی کہ جاپان کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی اور ورلڈ کپ میں جگہ کنفرم کرلیں۔دریں اثنا منگل کو کھیلے گئے دیگر میچوں میں جاپان نے بھارت کو 5 ۔ 2، ملائیشیا نے کوریا اوربنگلہ دیش نے عمان کو شکست سے دوچار کیا۔ دو میچوں کے بعد پول اے میں جاپان چھ اور پاکستان چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری جبکہ پول بی میں ملائیشیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ پہلے روز جاپان نے انڈونیشیا، ملائیشیا نے عمان کو کوریا نے بنگلہ دیش کوہرایا تھا۔