ایف آئی اے کیسز میں تاخیر پر عدالت کا ڈائریکٹر ایف آئی اے کو خط

May 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار نے ایف آئی اے کیسز میں تاخیرپر ڈائریکٹر ایف آئی اے کو خط لکھ دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ قابل آفیسر کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی ہیومین ٹریفکنگ سرکل تعینات کیا جائے، ملک کی بہترین ایجنسی کے افسوسناک رویے کی وضاحت کی جائے ، عدالت نے کیس کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مکیش کمار نے کہا کہ ایف آئی اے کے کیس میں 75 سالہ گواہ آیا ہوا تھا ، مگر ایف آئی اے کی کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا، پولیس فائل اور ایف آئی اے ایڈیشنل ڈائریکٹر لیگل موجود نہیں تھے۔ جس سے ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت نہیں ہوسکی ہے،ملزمان کے شفاف ٹرائل کا حق متاثر ہورہا ہے ، متعدد کیسز کا چالان تفتیشی افسران کی جانب سے کئی ماہ گزر جانے کے باوجود پیش نہیں کیا جا سکا ، ٹرائل میں تاخیر ٹرائل سے انکار کے مترادف ہے ۔