کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کراچی کے موجودہ حالات اور گھمبیر مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہرِ قائد میں مسائل کم ہونے کے بجائے دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، سیوریج کا ناقص نظام،گندگی کے ڈھیر اور جگہ جگہ ابلتے گٹر وبائی امراض کو جنم دے رہے ہیں جس سے بچوں،بزرگوں اور خواتین کی صحت شدید خطرات سے دوچار ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، آئے روز شہری حادثات کا شکار،قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اس کے باوجود نہ سندھ حکومت اور نہ ہی شہری حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ مگر بدقسمتی سے اسی شہر کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ،ٹریفک کے مسائل،پانی اور بجلی کی عدم فراہمی نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے،جبکہ منتخب نمائندے صرف بیانات تک محدود ہیں اور عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے،اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شہریوں میں مایوسی اور اضطراب مزید بڑھے گا،جس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔