کراچی ( اسٹاف رپورٹر) نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان، ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن پاکستان اور دیگر تنظیموں نے وینزویلا کے خلاف جاری امریکی مسلح جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا جس میں وینزویلا کے عوام سے اظہارِ یکجہتی اور امریکی جنگی جنون کی مذمت کی گئی ،احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے وینزویلا کے جھنڈے، صدر نکولس مادورو کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں ،اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل ناصر منصور اور دیگر نے کہا کہ ٹرمپ نے غزہ کے بعد وینزویلا پر مجرمانہ جنگ مسلط کر دی یہ ایک شرم ناک اور کھلی دہشت گردی ہے کہ ایک خودمختار ملک کے صدر کو طاقت کے زور پر اس لیے اغوا کیا گیا ہے کہ وہ خطے میں امریکی تسلط کے خلاف آواز بلند اور تیل و گیس کی آمدن کو عوام کی بہبود کے لیے استعمال کر رہا تھا، امریکا ایک ایسی حکومت کی سازش تیار کر رہا ہے جو تیل کے ذخائر امریکی کمپنیوں کے حوالے کر دے،کامریڈ زہرا خان نےاجتماع میں مطالبہ کیا کہ وینزویلا پر جنگ مسلط کرنے اور ایک خودمختار ملک کے صدر کے اغوا پر ٹرمپ کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ چلایا جانا چاہیے، اغوا شدہ صدر اور ان کی اہلیہ کو فی الفور رہا کیا جائے ، اجتماع میں کامریڈ خالد جونیجو ، حمید بلوچ، کامریڈ گل رحمان ، ریاض عباسی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔