• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو پیوندکاری نہیں، جامع نظام کی ضرورت ہے، الطاف شکور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر اور گورننس کے مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت کا طرزِ عمل غلط اور منتشر ہے کیونکہ کراچی کو پیوند کاری نہیں بلکہ مربوط اور جامع نظام کی ضرورت ہے، ٹوپی ڈراموں سے عوام اکتا چکے ہیں، مال بٹورنے کی روایات ختم کی جائے، ملک کو بنے ہوئے 80سال ہورہے ہیں اب تک مربوط نظام نہیں بنا سکے جوکہ شرم کا مقام ہے، مفادات کے سوداگروں نے کراچی تباہ کردیاہے، شہر کی سڑکیں ایسی ہیں کہ مریض اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ جاتا ہے، سندھ حکومت سیاسی مقاصد کے تحت لاہور کی ترقیاتی اسکیموں کی نقل کر رہی ہے جبکہ کراچی میں بدترین گورننس اور تباہ حال انفرااسٹرکچر کی بنیادی وجوہات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، چند ڈبل ڈیکر بسیں درآمد کرنا مسئلے کا حل نہیں، اصل ضرورت کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور بسوں و ریل پر مشتمل ایک جدید اور مربوط پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ہے، ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف شکور نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری پانی جیسی بنیادی ضرورت کے لیے ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں جسے سندھ حکومت کے بعض اہلکاروں اور وزراء کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے، اربوں روپے کے اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، اگر سندھ حکومت لاہور کی مثال دینا چاہتی ہے تو یہ بھی یاد رکھے کہ لاہور میں ٹینکر مافیا موجود نہیں۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید