وزیراعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد‘ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کل طلب

May 25, 2022

کوئٹہ(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی نے آئین کے آرٹیکل 109(a)کے تحت بلوچستان اسمبلی کااجلاس جمعرات کو(کل) صبح 10بجے طلب کرلیا ہے سیکورٹی وجوہات کی بناء پر اسمبلی اجلاس کے دوران وزیٹرز ، سرکاری و نجی گارڈز کا داخلہ ممنوع ہوگا ، اجلاس میں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے تحریک پیش کرنے کی اجازت لی جائیگی اور اگر 20فیصد ارکان کی جانب سے اجازت دی گئی تو وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوگی ۔ادھرجان محمد جمالی نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ26مئی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک اعتماد پیش ہوگی اور 26 مئی کے بعد 3 سے 7 روز بحث اور ووٹنگ کیلئے دیے جا ئیں گے۔ادھرو زیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعدبی اے پی کے 7منحرف ارکان کاووٹ شمار نہیں ہوگاجو منحرف ارکان ووٹنگ میں حصہ لیں گے وہ اپنی نشست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔