سندھ کے صحافیوں کے لئے ہیلتھ اور لائف انشورنس پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، وزیر اطلاعات

May 25, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کرکے سندھ کے تمام مصدقہ صحافیوں کےلئے ہیلتھ انشورنس اور لائف انشورنس کے پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس میں ان کے اہل خانہ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے فوٹو جرنلسٹس کو صحافی کی کیٹیگری میں شامل کرنےکے لیے سندھ جرنلسٹس پروٹیکشن بل کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ۔وہ کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ایچ یو جے) کے مشترکہ وفد سے گفتگو کررہے تھے، جس نے منگل کو یہاں وزیر اطلاعات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔وفد میں صدر کے یو جے اعجاز احمد ، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی ، سعید جان بلوچ، محمد ناصر شریف ،لبنیٰ جرار نقوی، محمد رفیق بلوچ ، طلحہٰ ہاشمی ، ایچ یو جے کے حامد شیخ ، جنید خان زادہ اور آفتاب احمد میمن شامل تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی ، ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن غلام الثقلین اور ڈائریکٹرمحمدسلیم خان بھی موجود تھے ۔