کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیرِاعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا راستہ قائدِاعظم کے اصولوں پر عمل میں ہے،قائدِاعظم محمد علی جناح کی زندگی عوامی خدمت، انصاف، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے سنہری اصول سکھاتی ہے۔ پاکستان کی ترقی قائدِاعظم کے اصولوں پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے اور ہم ان کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔وہ قائدِاعظم محمد علی جناح کی 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے بانی پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔آمد پر صوبائی کابینہ کے ارکان، مشیروں، معاونینِ خصوصی، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر معزز شخصیات نے وزیرِاعلی کا استقبال کیا۔ وزیرِاعلی نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قائدِاعظم کے افکار اور اصول آج بھی قوم کی رہنمائی کر رہے ہیں اور بانی پاکستان کی جانب سے دیا گیا اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا پیغام آج بھی اتنا ہی موثراور قابلِ عمل ہے جتنا پہلے تھا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم کی جدوجہدِ حیات عوامی خدمت، انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کے اہم اسباق دیتی ہے۔