کراچی ( نیوز ڈیسک)بونڈائی حملہ، آسٹریلوی وزیراعظم کا بہادری ایوارڈ دینے کا اعلان، احمد ال احمد جیسے جان پر کھیل کر مقابلہ کرنے والے شہریوں اور امدادی اہلکاروں کو قومی اعزاز دیا جائیگا۔ انڈیپنڈنٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے اعلان کیا ہے کہ بونڈائی میں حنوکا کی تقریب کے دوران ہونے والے حملے میں جان پر کھیل کر حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے والے شہریوں اور فرسٹ ریسپانڈرز کے لیے خصوصی قومی بہادری ایوارڈدیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حملے نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا مگر اسی سانحے میں انسانیت، ہمدردی اور جرات کی روشن مثالیں بھی سامنے آئیں، جن میں شامی نژاد آسٹریلوی مسلمان احمد ال احمد شامل ہیں جنہوں نے ایک حملہ آور کو غیر مسلح کیا اور خود زخمی ہوئے۔