• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلا تفریق مفت علاج پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب عوام کو عالمی معیار کی مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور اور سیاسی فلسفہ ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے صحت عامہ کا ایک ایسا مضبوط اور پائیدار نیٹ ورک تشکیل دیا ہے جس کا مقابلہ اب کسی دوسرے صوبے سے نہیں بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ صحت نظاموں سے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومتِ سندھ کے تعاون سے تعمیر ہونے والے انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کرسمس کے روز اس تاریخی منصوبے کا افتتاح ایک گہری علامتی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ تمام مذاہب ہمیں غریبوں، بیماروں اور کمزور طبقات کا خیال رکھنے کا درس دیتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے نزدیک “روٹی، کپڑا اور مکان” محض نعرہ نہیں بلکہ ایک مکمل منشور، نظریہ اور سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ غریب ترین طبقے کی بنیادی ضروریات، بالخصوص صحت کی سہولیات، یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ جب سے پیپلز پارٹی نے سندھ میں حکومت سنبھالی ہے صوبے کے صحت کے نظام کو یکسر تبدیل کر دیا گیا ہے اور آج سندھ عالمی معیار کی صحت سہولیات کی فراہمی میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ انڈس یونیورسٹی اسپتال آئندہ تین برس میں مکمل ہو کر 1350بستروں کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا مفت علاج فراہم کرنے والا اسپتال بن جائے گا، جہاں لاکھوں مریض ہر سال بلا معاوضہ جدید علاج سے مستفید ہو سکیں گے۔
اہم خبریں سے مزید