دنیا سے کورونا وبا کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا، ڈبلیو ایچ او

May 26, 2022

جنیوا(نیوز ڈیسک)عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے خبردار کیا ہے کہ فی الحال کورونا وائرس کا یقینی اور مکمل خاتمہ نہیں ہوا ہے اس لیے احتیاط لازم ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے ہر موڑ پر ہمیں حیران کیا ہے اس لیے تاحال مہلک وائرس سے متعلق کسی قسم کی پیشن گوئی کرنے کے قابل نہیں ہوسکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اس وقت بھی دنیا بھر میں تقریباً 70 ممالک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ مہلک وائرس ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ اب تک صرف57ممالک نے70فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل کی ہے۔ ٹیڈروس ایڈہانوم نے مزید کہا کہ کورونا وبا جادوئی طور پر خود بخودختم نہیں ہوگی، اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام ممالک اپنی70فیصد آبادی کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں بالخصوص ہیلتھ ورکرز، کمزور قوت مدافعت، اور60سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن لازمی کی جائے۔