اسکاٹ لینڈ میں بھی منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق

May 26, 2022

گلاسکو (طاہر انعام شیخ)ا سکاٹ لینڈ میں بھی منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ قبل ازیںبر طانیہ کے دیگر شہروں میں اس کے 57کیسز سامنے آچکے ہیں، اس مرض کی ابتدائی علامات میں بخار، سردرد، کمر کے درد اور مسلسل خارش شامل ہیں، یہ خارش مختلف مرحلوں سے گزر کر ایک آبلہ بن جاتی ہے اور بالاخر 14سے 21دن کے اندر ختم ہو جاتا ہے۔ پبلک ہیلتھ ا سکاٹ لینڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نک فن کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر عام افراد کے اس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہے اس مرض کے لئے کوئی خصوصی ویکسین نہیں لیکن چیچک کے انجیکشن اس مرض میں خاصے کارگر ہیں کیونکہ دونوں وائرس آپس میں بہت زیادہ ملتے ہیں۔ یہ انفیکشن بذات خود عام نہیں بلکہ کسی دوسرے فرد سے رابطے سے منسلک ہے یہ رابطہ کٹی ہوئی جلد، بلغم کی جھلی یا سانس کی بوندوں سے منتقل ہو سکتا ہے۔مریض سے ملنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی تفصیلات بتائیں، سفر نہ کریں اور حاملہ خواتین اور 12سال سے کم عمر کے بچوں سے رابطے سے گریز کریں۔