دلچسپی برقرار، ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھانا ضروری، بابراعظم، خواتین کو زیادہ مواقع دیئے جائیں

May 26, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیریز میں ٹیسٹ میچز کی تعداد بڑھانے اور خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس وقت دنیا میں فرنچائز کرکٹ بہت زیادہ ہو رہی ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقبول بھی ہے لیکن میں نہیں سمجھتا کہ ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو رہی ہے، روایتی فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی برقرار ہے، کیونکہ ٹیسٹ میچز میں بھی سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ہو رہے ہیں۔ بدھ کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں اس بات پر زور دوں گا کہ سیریز میں ٹیسٹ میچز بڑھانے کی ضرورت ہے، ابھی ٹیسٹ میچز کم ہو رہے ہیں، 2 تین ٹیسٹ میچز کی بجائے سیریز میں میچز کی تعداد 4 یا 5 ہونی چاہیے، اس سے ٹیسٹ میچز کی مقبولیت برقرار رہے گی اور جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فرنچائز کرکٹ سے ٹیسٹ کرکٹ متاثر ہو جائے گی اس کی بھی نفی ہو گی۔ فرنچائز کرکٹ کھیلنے والوں کا بھی اتنا ہی اثر ہے جتنا ٹیسٹ کرکٹرز کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کرکٹ کو سب کی سپورٹ چاہیے، اس وقت خواتین لیگ کرکٹ ہونا شروع ہو گئی ہیں، ان کے ورلڈ کپ بھی باقاعدگی سے ہوتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ویمن کرکٹ کو سیریز کم ملتی ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ویمن کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ ہے، انہیں کم مواقع ملتے ہیں اور ان کی باہمی سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں، جتنی زیادہ بین الاقوامی سطح پر ویمن کرکٹ ہو گی اتنا ویمن کرکٹ کو فروغ ملے گا اور ویمن کرکٹرز میں جذبہ بڑھے گا۔ اس حوالے سے فیصلہ سازی کرنے والے حکام ضرور دھیان دیں گے۔