• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ای اسپورٹس میں کامیاب، پانچواں برانز میڈل جیت لیا، ٹیبل پر چین کی برتری قائم

ناگویا ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز میں پاکستان نے ایک اور برانزمیڈل اپنے نام کرلیا۔ جس کے بعد اس کے برانز میڈلز کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ محمد حذیفہ، فلک شیر میمن، سید سمیر، شایان اسد اور حسنین رحمان پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے ای اسپورٹس کے پی یو بی جی موبائل مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ مجموعی طور پر چین 143 گولڈ، 62 سلور اور 49 برانز میڈلز کے ساتھ برتری قائم رکھے ہوئے ہے۔ جاپان دوسرے اور کوریا تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان پانچ برانز میڈ لز کے ساتھ 33ویں پوزیشن پر ہے۔ ایران دس گولڈ میڈلز کے ساتھ ساتویں اور بھارت دسویں پوزیشن پر ہے۔ منگل کو پاکستانی والی بال ٹیم والی بال دو مقابلوں میں فتح کے بعد میزبان جاپان سے ہار گئی تاہم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ خواتین اسکواش کے ٹیم مقابلوں میں پاکستان کو کوریا اور مکائونے شکست دیدی۔ انفرادی ٹینس کے دوسرے رائونڈ میں محمد شعیب کو انڈونیشیا کے کھلاڑی نے سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ مینز ڈبلز کے دوسرے رائونڈ میں چائینز تائپے نے پاکستان کو مات دی۔ دوسری جانب منتظمین نے پاکستان کی ٹیم ازبکستان کے خلاف والی بال میچ سے قبل غلط مقام پرپہنچانے پرمعافی مانگ لی اورکہا کہ دونوں ٹیمیں غلط مقامات کی طرف جانے والی بسوں میں سوار ہو گئیں تھیں۔ دریں اثنا قازقستان کی ریس واکر یاسمینہ توکسان باییواسے گولڈ اور ازبکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس کھلاڑی نوڈیربیک شوکاتو سے برانز میڈل واپس لے لیا گیا ہے۔ یاسمینہ نے مراتھن میں غیر منظور شدہ جوتے استعمال کئے جبکہ نوڈیربیک شوکاتوف کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا، انہیں عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا بھارت نے خواتین کے ٹریپ ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ چین نے سونے اور کویت نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارت کی نیرو ڈھانڈا نے انفرادی ٹریپ شوٹنگ میں گولڈ میڈل جیتا، مردوں کی 4x400 میٹر ریلے ریس میں جاپان نے گولڈ اور بھارت نے کانسی (برانز) کا تمغہ جیتا۔

اسپورٹس سے مزید