ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی پانچ ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر قبضے کا انکشاف

May 27, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کی پانچ ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر قبضے کا انکشاف،زمین کا بیشتر حصہ جس پر مافیا نے قبضہ کیا ہے وہ ضلع غربی میں واقع ہے ،حکومت قبضہ ختم کرائے گی، حکومت نے شہر کی دیگر سرکاری زمینوں سمیت ایم ڈی اے کی زمین پر قائم تجاوزات کا جلد از جلد خاتمہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جمعرات کو کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں ایم ڈی اے کی زمین پر ہونے والی تجاوزات کا جائزہ لیا گیا ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے محمد سہیل نے کمشنر کراچی کو ایم ڈی اے زمین پر تجاوزات کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر غربی غلام قادر خان تالپور ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام ڈائریکٹر اینکروچمنٹ سندھ، سیکریٹری بورڈ آف ریوینیو، پولیس ، پاکستان رینجرز اور محکمہ ریوینیو کے سینئر افسران اسسٹنٹ کمشنر جنرل کمشنر کراچی اعجاز حسین رند اور محمد ارشد سیکریٹری ایم ڈی اے بھی موجود تھے۔ کمشنر کو بتا یا گیا کہ ایم ڈی اے کی زمین کا بیشتر حصہ جس پر قبضہ مافیا نے غیر قانونی قبضہ کیا ہے وہ ضلع غربی میں واقع ہے مجموعی طور پر پانچ ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر قبضہ ہے کمشنر نے ایم ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرزکو ان زمینوں کی تفیلات سے آگاہ کر ے اور تحریری طور پر فوری رپورٹ جمع کرائے تاکہ ان تجاوزات کا جلد از جلد خاتمہ کیا جا سکے کمشنر نے ڈپٹی کمشنرزکو حکم دیا کہ وہ ایم ڈی اے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے ایم ڈی اے کی زمین سے قبضہ چھڑانے کے عمل کو مربوط طریقہ سے مکمل کرے اور تجاوازات کے خاتمہ کے لئے ترجیحی اقدامات کر ے۔