لیاقت بلوچ لانگ مارچ میں یاسین ملک کی سزا کیخلاف آواز نہ اٹھانے پر عمران خان پر برس پڑے، جیونیوز کے دفتر پر حملے کی بھی شدید مذمت

May 27, 2022

اوکاڑہ(وارث حیدری)کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کو انڈین عدالتوں سے ملنے والے غیر قانونی سزاؤں کے خلاف لانگ مارچ میں آواز نہ اٹھانے پر لیاقت بلوچ عمران خان پر برس پڑے، لانگ مارچ ناکام قرار،جیونیوز کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت، ”جنگ“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئےجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر نے کہا کہ بدھ کا دن مقبوضہ کشمیر میں قیامت کا دن تھا لیکن پاکستان میں اسے سیاسی دنگے فساد کی نذر کر دیا گیا،مودی کی فاشسٹ حکومت نے کشمیر کے بہادر حریت پسند رہنما کو بلاجواز،غیر قانونی سزائیں دے کر انسانیت اور ضمیر کو سلاخوں میں دھکیل دیا،عمران خان کو یہ توفیق نہ ہوئی کہ وہ انڈین حکومت کی مذمت کرتے،انہوںنے جیو نیوز کے دفتر پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا خوفناک رواج شروع ہو گیا ہے جو اخبار،چینل یا صحافی پسند نہ ہو اسے تشدد کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے یہ عمل قابل مذمت ہی نہیں قابل نفرت بھی ہے۔