آئی جی کا پولیس اور دیگر فورسز کو بہترین سکیورٹی فرائض پر خراج تحسین

May 27, 2022

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے بہترین سکیورٹی فرائض کی انجام دہی پر اسلام آباد پولیس، پاک رینجرز، فرنٹیر کانسٹیبلری اور پنجاب پولیس کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے امن و امان صورتحال کو برقرار رکھنے، ٹریفک بہائو کو یقینی بنانے کیلئے افسران و اہلکاروں کو قابل تعریف قرار دیا۔ آئی جی ڈی چوک جا کر تمام افسران و جوانوں سے ملے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و جوانوں نے ریاست کی رٹ کو قائم کرنے اور سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ فرائض منصبی کے دوران پولیس، ایف سی اور پاک رینجرز کے 31افسران و جوان زخمی ہوئے۔ آئی جی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔