بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ ،کشمیریوں حوصلے پست نہیں ہونگے، ساجد نقوی

May 27, 2022

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جموں و کشمیرلبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے دی جانے والی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی عدالتی فیصلہ ظالمانہ وجابرانہ ہے ، کشمیر متنازعہ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل ہونا ہے ۔اس لئے جموں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کو بھارتی انتظامیہ کا گرفتارکر نا اور عدالتوں سے سزا دلوانے کا کوئی جواز و حق نہیں ۔ساجد نقوی نےکہا اس قسم کے بھارتی عدالتی فیصلوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نےکہا کہ حکومت پاکستان سزا ختم کرانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے اورعالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کانشانہ بنانے کے لیے عدلیہ کا استعمال کیا ۔ بھارت اپنی عدالتوں کا استعمال کرکے کشمیری رہنمائوں کو اپنی جائز جدوجہد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کوبھارتی مظالم سے بچانے کے لئے ان کی رہائی میں کردار ادا کرے۔