عمران اپنی تقریر کیساتھ اپنے کردار کو بھی اسلامی ٹچ دیں، سعد رضوی

May 27, 2022

اسلام آباد،لاہور (خصوصی نامہ نگار،خبر نگار )تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ سعد رضوی نے کہا ہے کہ سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے پی ٹی آئی کے چئیرمین کے کان میں ا’’سلامک ٹچ ـؔ‘‘والی سرگوشی کرکے عمران خان کوایکسپوز کردیاہے ،عمران خان اپنی تقریر کے ساتھ ساتھ اپنے کردار کو بھی اسلامی ٹچ دیں، عوام کو دھوکا دینے کے لیے گفتگو کو اسلامی ٹچ دینا منافقت ہے، ریاست مدینہ میں بھائی چارہ تھا، برداشت تھی، اخوت تھی، عوام آئندہ انتخابات میں عوام تحریک انصاف کو اس طرح مسترد کریں گے جس طرح آزادی مارچ کومسترد کیا،عمران خان کے تمام مذہبی اقدامات محض اسلامی ٹچ تھے۔،عمران خان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اسلام آباد پر قابض ہونا مقصد ہے، ا للہ تعالی نے عمران خان کی مذہب پسندی، اسلامو فوبیا، اور اسلام پرستی کی حقیقت بھی بے نقاب کردی ہے، پاکستان میں یورپی طرز پر اسلام کا نفاذ نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے دین کا نظام چلے گا،عمران خان انتخابات ہار گئے تو جس طرح آج اقتدار کی خاطر ملک میں انارکی اور انتشار کی آگ بھڑکا رہے ہیں، بعد میں بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،عمران خان بتائیں اقتدار کی خاطر ملک میں انارکی پھیلانا اور لوگوں کا استعمال کونسی ملک کی خدمت ہے۔