پولیس نے چادرچاردیوار ی کاتقدس پامال کیا، بجاش خان نیازی

May 27, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر،کرائم رپورٹر ) ٹرانسپورٹر بجاش خان نیازی نے انکے خلاف ہونے والے مقدمہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر دہشت گردی کا جھوٹا مقدمہ درج کر کے میرے ساتھ سخت زیادتی کی گئی ہے ۔سپریم کورٹ ، وزیر اعلیٰ پنجاب ، آئی جی پنجاب و دیگر اعلیٰ حکام اس زیادتی کا نوٹس لے کر مجھے انصاف دلائیں ۔ بجاش خان نیازی کا کہنا تھا کہ میری ہمدردیاں عمران خان نیازی کے ساتھ ضرور ہیں لیکن میں کسی سیاسی پارٹی کا حصہ نہیں ۔پولیس نے چادر چاردیواری کا تقدس بھی پامال کیا اور میرے باپردہ فیملی کو بھی ہراساں کرتے رہے ۔ ۔ بیرونی سرمایہ کار اور اورسیز پاکستانی ایسے خوف کے ماحول میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس میرے گھر سے 29 ہتھیارچوری کرکے لے گئی جن کی مالیت چار کروڑ سے زیادہ بنتی ہے۔اس کے علاوہ قیمتی اشیاء جو گھر سے لے کر گئے ا ن کی مالیت 45لاکھ سے زیادہ بنتی ہے ۔ میرے لائسنسی اسلحہ کو پولیس کی جانب سے ٹیمپرکیا جانے کا خدشہ ہے ۔ ہماری عدالتیں آزاد ہیں مجھے امید ہے کہ مجھے جلداز جلد انصاف ضرور ملے گا۔