ہم نے عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،بی این پی

May 28, 2022

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کلی مینگل آباد سبی روڈ میں منعقدہ جلسے سے پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر وضلعی صدر بی این پی کوئٹہ غلام نبی مری ،قائمقام ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی، فنانس سیکرٹری میر محمد اکرم بنگلزئی، انسانی حقوق سیکرٹری پرنس رزاق بلوچ، پروفیشنل سیکرٹری میر غلام مصطفی سمالانی، ملک محمد حسن مینگل، ٹکری نذیر احمد محمد شہی، ماسٹر الہی بخش بلوچ، اور حاجی محمد عالم مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں فعال،مضبوط یہاں کے عوام کے حقوق کی نجات دہندہ نمائندہ سیاسی جماعت کی طور پر موجود عوامی مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ پارٹی نے ہمیشہ صوبے کے عوام کے اجتماعی قومی مفادات کی حصول اور یہاں کے دیرینہ گھمبیر مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کی خاطر ہر سطح پر موثر سیاسی اور جمہوری انداز میں آواز بلند کی اور یہاں کے عوام کو کبھی مشکل وقت اور استحصالی و آمرانہ پالیسیوں کے سامنے تنہا نہیں چھوڑا عوام دشمن پالیسیوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جمہوری انداز میں سیاسی کلچر کو فروغ دیا یہی وجہ ہے کہ عوام کی بھرپور تائید و حمایت پارٹی کو حاصل ہے پارٹی نے یہاں کے عوام کو مایوس کیا اور نہ ہی انکے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا یہاں کے عوام کیساتھ ہمارا نظریاتی اور فکری رشتہ ہے جو کسی لالچ کا محتاج نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے عوام کو ہمیشہ مذہب، جمہوریت اوروفاق کے نام پر دھوکہ دیاگیا۔