کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ اپنے حلقۂ انتخاب ژوب کے مختلف علاقوں کے دورے پر پہنچے جہاں عوام نے ان کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا ۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل طویل جلوس کی صورت میں انہیں جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا جبکہ راستے میں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین رضا محمد رضا اور صوبائی سینئر نائب صدر عبدالقیوم ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنما بھی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کے ہمراہ تھے ۔ چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کے دورے کے دوران مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔