احتساب عدالت:سوئی ناردرن گیس کے ایڈمن آفیسر کے آمدن سے زائد اثاثے کیس سمیت مختلف کیسز کی سماعت ملتوی

May 28, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت ملتان نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے مقدمےمیں ملوث سوئی ناردرن گیس لمیٹڈ ملتان کے ایڈمن آفیسر سید توقیر عباس کاظمی کے خلاف کیس کی سماعت مزید بحث کے لئے 31 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے،دریں اثنا فاضل عدالت نے مختلف علاقوں میں 3 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بناکر شہریوں کو سہولیات فراہم نہ کرنے اور کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے کے ریفرنس میں ملوث ملزم نیاز وزیر کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 10 جون تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے ،درین اثنا فاضل احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کی سرکاری اراضی کے بوگس دستاویزات تیار کرکے ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام منتقل کرنے کے ریفرنس میں ملوث ملزم اشرف سندھو کی ریمول آف کاشن کی درخواست پر سماعت 10 جون تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔