ملتان (سٹاف رپورٹر)شہریوں کو پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کی فیول سبسڈی ریلیف سکیم پر ضلع ملتان میں عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت پٹرول پمپ مالکان اور ضلعی انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ زہرہ نور نے فیول سبسڈی ریلیف سکیم کے طریقہ کار اور عملدرآمد بارے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پٹرول پمپ مالکان کو سکیم پر فوری اور موثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان کے 299 پٹرول پمپس پر رجسٹرڈ شہریوں کو پٹرول کی خریداری پر 100 روپے فی لیٹر تک ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ فیول سبسڈی ریلیف سکیم کے بینرز نمایاں مقامات پر نصب کئے جائیں تاکہ شہریوں کو سکیم بارے مکمل آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیول ریلیف سکیم کے تحت شہریوں کو پٹرول کی خریداری پر مقررہ سبسڈی فراہم کی جائے گی جبکہ سکیم کی شفاف اور مؤثر تکمیل کیلئے پٹرول پمپس کی نگرانی بھی کی جائے گی۔