دُعا زہرا کے والد نے قرآن سر پر رکھ کر کیا کہا؟

June 23, 2022

دُعا زہرا کے والد کا بیٹی سے متعلق ایک اور دعویٰ سامنے آگیا

کراچی سے لاہور جاکر پسند کی شادی کرنے والی دُعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے قرآن سر پر رکھ کر کہا کہ اُنہوں نے کبھی اپنی بیٹی کو اُس کے کزن زین کے ساتھ شادی کے لیے مجبور نہیں کیا۔

سوشل میڈیا پر دُعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ سر پر قرآن پاک رکھے اپنی بیٹی کی اُس کے کزن کے ساتھ شادی کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔

مہدی کاظمی نے یہ بھی کہا کہ ’دُعا نے کبھی گھر میں کسی ظہیر کے حوالے کوئی بات نہیں کی تھی‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’میں ابھی بھی اپنی بیٹی اور زین کی شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں تو اللّہ کا قہر مجھ پر ابھی نازل ہوجائے اور میرے اس کرسی سے اٹھنے کی نوبت ہی نہ آئے‘۔

دُعا کے والد نے یہ بھی کہا کہ ’میں نے کبھی اپنی بیٹی پر ہاتھ نہیں اُٹھایا، ہاں کبھی ڈانٹ دیتا تھا جیسے والدین بچوں کو ڈانتے ہیں لیکن کبھی کوئی ظلم نہیں کیا‘۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ اب بھی دُعا اور ظہیر کی شادی کو پسند کی شادی نہیں مانتے، اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے کیونکہ دُعا نے کبھی گھر میں ایسی کوئی بات نہیں کی تھی‘۔

خیال رہے کہ دُعا نے اپنے انٹرویو میں والد پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پلاٹ کے لالچ میں دُعا کی شادی اُس کے تایا کے بیٹے زین سے کروانا چاہتے تھے۔