امریکا، بچوں کے دودھ کی قلت شدید، مائیں بلیک مارکیٹ سے خریدنے لگیں

June 27, 2022

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکا میں بچوں کے دودھ کی قلت شدید ہوگئی اوربچوں کی حالت خراب ہورہی ہے ، جس کے بعد مائوں نے مجبورا بلیک مارکیٹ سے دودھ خریدنا شروع کردیا، امریکا میں ممنوعہ ڈچ برانڈ کیلئے امریکی مائوں نے آن لائن آرڈ ر دیا ہے ، تفصیلات کے مطابق لورین گالون کو اپنے بچے کیلئے اضافی دودھ لینے کی ضرورت پڑی کیونکہ ان کا بچہ دودھ پینے کے بعد بار بار اُگل رہا تھا۔اس کا وزن نہیں بڑھ پا رہا تھا اور اسے دو بار اسپتال لے جانا پڑالیکن امریکہ میں قومی سطح پر نوزائیدہ بچوں کیلئےفارمولا دودھ کی قلت ہے اور لورین بھی کچھ بھی حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔لہٰذا لورین نے بلیک مارکیٹ کا رخ کیا اور آن لائن ڈچ برانڈ کا آرڈر دیا جس کی امریکہ میں درآمد پر پابندی ہے۔امریکی انتظامیہ نے بارہا ایسا دودھ خریدنے سے منع کیا ہے جسے امریکہ میں درآمد کرنے کی منظوری نہیں دی گئی۔لورین، میزوری میں ایک نرس ہیں، انھوں نے ماہرین اطفال اور دیگر سے خطرات کے بارے میں مشورہ کیا لیکن انھوں نے زیادہ انتظار نہیں کیا اور بلیک میں خریدنے سے ہچکچائیں نہیں۔