لاہور( آصف محمود بٹ) پاکستان سول سروسز اکیڈمی (CSA)لاہور میں کرسمس کے پُرمسرت موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈی جی سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ مقصد پاکستان کے آئینی اور سماجی اقدار کے مطابق بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام، مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا تھا۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس بلال اکرم نے کہا کہ اکیڈمی میں مختلف سوسائٹیز قائم کی گئی ہیں جو رواداری، سماجی فلاح و بہبود اور خدمتِ انسانیت کیلئے سرگرمِ عمل ہیں۔ اس تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افسران، فیکلٹی ممبران اکیڈمی اسٹاف اور پروبیشنرز نے شرکت کی جس سے اکیڈمی کے جامع ہم آہنگ اور شمولیتی تربیتی ماحول کی بھرپور عکاسی ہوئی۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد کا بنیادی مقصد مذہبی رواداری، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرسمس محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ انسانیت، محبت، قربانی اور بھائی چارے کا آفاقی پیغام ہے، جو تمام مذاہب میں مشترک اقدار کی حیثیت رکھتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سی ایس اے نے مزید کہا کہ سول سروسز اکیڈمی کی ترقی اور خوشحالی میں تمام اکیڈمی اسٹاف کا کردار نہایت اہم ہے اور ادارہ جاتی کامیابی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔