برطانیہ، درآمد شدہ مچھلیوں میں زبان کھانے والے کیڑوں کی موجودگی کا انکشاف

June 27, 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کی کاؤنٹی سفوک میں درآمد شدہ مچھلی کے ڈبے میں ایک نایاب کیڑا ملا ہے جو عام طور پر میکسیکو کے ساحل پر پایا جاتا ہےبرطانیہ پہنچائی جانے والی مچھلیوں کے اندر ملنے والا یہ ’سیموتھوا ایکسیگوا‘ نامی کیڑا ’زبان کھانے والا کیڑا‘ بھی کہلایا جاتا ہے۔ یہ کیڑا انفیکشن کے ذریعے مچھلیوں کو متاثر کرتا ہے اور ان کی زبان میں موجود خون کی شریانوں کو سڑا دیتا ہے جس کی وجہ سے وہ ٹوٹ جاتی ہیں۔ بعد ازاں یہ کیڑے خود کو مچھلی کی زبان کے بقیہ حصے کے ساتھ جوڑ لیتے ہیں اور مچھلی کی نئی زبان بن جاتے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ مردہ حالت میں یہ کیڑے انسان کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتے تاہم زندہ حالت میں یہ انسان کو کاٹنے کی وجہ سے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔ درآمدشدہ غذا کے معیار کو دیکھنے والی سفوک کوسٹل پورٹ ہیلتھ اتھارٹی (ایس سی پی ایچ اے) نے مچھلی کے ڈبوں میں ان کیڑوں کی موجودگی کی نشاندہی کی اور آگے منتقل کیے جانے کی بجائے انہیں واپس بھیج دیا گیا۔