ایم ڈی کیٹ داخلہ امتحان پاس کرنیکی شرح 55فیصد کرنیکی منظوری

June 28, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ایم ڈی کیٹ امتحان برائے ڈینٹل کالجز داخلے کو پاس کرنے کی شرح کو65 فیصد سے 55فیصد کر دیا گیا۔ پیر کو میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا12 واں اجلاس پاکستان میڈیکل کمیشن کے مرکزی دفتر میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر پی ایم سی ڈاکٹر ارشد تقی نے کی۔ اجلاس میں کونسل نے ایم ڈی کیٹ امتحان برائے ڈینٹل پروگرام کو پاس کرنے کی شرح کو اکیڈیمک بورڈ کی سفارش پر65 فیصد سے کم کر کے55 فیصد کرنے کی منظوری دی۔ مزید براں ایم ڈی کیٹ امتحان کے نصابی مضامین کی شرح میں بھی اکیڈیمک بورڈ کی سفارش پر معمولی تبدیلیاں کی گئیں ۔ ایم ڈی کیٹ نصاب سے موضوع گائوٹ کو بھی نکال دیا گیا۔ اکیڈیمک بورڈ کی سفارشات صوبائی اعلیٰ ثانوی بورڈز کی سفارشات پر مبنی ہوتی ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ایم ڈی کیٹ نصاب قومی نصاب 2006ء کے ساتھ ساتھ صوبائی نصاب کے مطابق ہے اور یہ نصاب نہ تو دی گئی حدود سے تجاوز کرتا ہے اور نہ ہی اس میں کچھ نصاب کے باہر سے شامل کیا جاتا ہے۔ بعض صوبائی بورڈز کی جانب سے حیاتیات کے بعض موضوعات کو ہٹانے کی تجویز دی گئی‘ حالانکہ وہ ایچ ایس ایس سی کے نصاب میں موجود ہیں۔ اکیڈیمک بورڈ نے یہ درخواست مسترد کر دی کیونکہ یہ وہ موضوعات ہیں جو ڈینٹل اور میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے طالب علم کیلئے نہایت ضرورت کی حامل ہیں۔ ایم ڈی کیٹ نصاب کے متعلقہ مضامین کے سوالات کی شرح میں معمولی تبدیلیاں کی گئیں جن میں حیاتیات 32فیصد سے 34فیصد، فزکس اور کیمسٹری 26.5فیصد سے 27فیصد، انگیزی10 فیصد سے 9فیصد، لاجک اور ریزن کو 5فیصد سے کم کر کے 3فیصد کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان مندرجہ بالا فیصد کی بنیاد پر مجموعی طور پر210 سوالات پر مشتمل ہوگا۔