آئیسکو ریجن، 500 میگاواٹ شارٹ فال، طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کا برا حال

June 29, 2022

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) آئیسکو ریجن میں بجلی کا شارٹ فال 500میگاواٹ سے بڑھ گیا جس سے جڑواں شہروں کے اکثر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ مختلف علاقوں میں لوڈمینجمنٹ کے نام پر رات گئے تک بجلی بند رہی ۔ آئیسکو ترجمان کے مطابق بجلی کی طلب ریجن میں 2545 میگاواٹ ہے، سسٹم میں 500میگاواٹ کے شارٹ فال کی وجہ سےمیڈیا ٹائون، ترامڑی، ڈی ایچ اے، ڈی ایم اے ، کے ٹی ایم ، جی 13اور جی 9، ایف سیکٹر اور راولپنڈی شہر کے اکثر علاقوں میں مسلسل کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے سے صارفین پریشان رہے ۔ اندرون شہر میں بھی معمول کی چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ بجلی بندش نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ۔ اکثرعلاقوں میں چار بجے شام سے جانے والی بجلی کئی گھنٹے بعد بحال ہو سکی۔ صارفین کا موقف ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی جس سے پانی کی کمی کے ساتھ یو پی ایس بھی کام کرنا چھوڑ رہے ہیں ۔ شہریوں نے وزیر توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئیسکو کے معاملات کا جائزہ لیں ۔ ادھر شہر کے اکثر گنجان آباد علاقوں ترنول سب ڈویژن کے علاقے نصیر آباد میں 12،12 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ بجلی کی معمولی خرابی کی بحالی میں بھی 4,4 گھنٹہ لگتے ہیں جبکہ شکایت کرنے والا نمبر ہمیشہ مصروف ملتا ہے۔ گوالمنڈی، بکرا منڈی ،ڈھوک سیداں، پشاور روڈ پیر ودہائی، ڈیفنس روڈ سمیت متعد دعلاقوں میں صورتحال زیادہ خراب رہی ۔ ادھر آئیسکو حکام کے مطابق سی ای او خود کنٹرول روم میں موجود رہے اور بجلی کی بحالی کے کام کی نگرانی کرتے رہے۔