ضرورت پڑی تو کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیں گے، امتیاز شیخ

June 30, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیں گے، کے الیکٹرک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 24گھنٹے میں صورتحال بہتر کر دی جائے گی ،کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر صوبائی وزیر برائے توانائی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کے الیکٹرک سے مکمل لوڈشیڈنگ کا شیڈول مانگا گیا ہے، کے الیکٹرک کا کہنا ہے اعلانیہ 7سے8گھنٹے کی ہی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، سوئی سدرن گیس نے گیس سپلائی کم کردی ہے کمپنی نے اپنے بھی مسائل بتائے ہیں ، امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے لوڈشیڈنگ کانوٹس لیا ہے بجلی کی مسلسل بندش سے پانی کابھی بحران بڑھ گیاہے، 2 تین دن سے لوڈڈشیڈنگ کی وجہ سے امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی، امتیاز شیخ نے کہا کہ کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر کے الیکٹرک افسران کو محکمۂ توانائی سندھ کے دفتر میں ایک اجلاس میں طلب کیا،اجلاس میں اراکین اسمبلی نے حالیہ بدترین لوڈ شیڈنگ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک ذمہ داری قبول کرے، اجلاس کے اختتام پر وزیر توانائی سندھ نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ محکمۂ توانائی میں ایک سیل بنانے کے احکامات دیئے گئے ہیں جس میں کے الیکٹرک کے جنرل منیجر سطح کا ایک افسر، ایک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا سینئر افسر اور محکمۂ توانائی سندھ کا افسر روزانہ بیٹھیں گے اور جن علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات آئیں گی وہاں بجلی کی بحالی اور پانی فراہمی کے فوری اقدامات عمل میں لائیں گے۔