یاسین ملک کی سزا کیخلاف ہاؤس آف کامنز میں پٹیشن کرینگے، چوہدری سرور

June 30, 2022

ویکفیلڈ (زاہدانور مرزا) معروف سماجی رہنما ڈاکٹر عنصر حیات کی طرف سے سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی، اس موقع پر سابق گورنر چوہدری محمد سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے برطانیہ آنے کا مقصد کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے دی جانے والی سزا کے خلاف برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز میں ایک پٹیشن لانچ کرنا ہے ،پٹیشن کا مقصد یاسین ملک کی سزا کو ختم کروانا ہے، اس موقع پر ڈاکٹر عنصر حیات اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھاکہ سابق گورنر چوہدری محمد سرور کا بھارتی جارحیت اور ظلم کا شکار ہونے والے حریت رہنما یاسین ملک اور کشمیر کاز کے لیے آواز بلند کرنا ایک قابل تحسین عمل ہے، جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سابق گورنر چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام ایک پیج پرہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورہ برطانیہ میں انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو ہائی لائٹ کرینگے، انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کو دی جانے والی سزا انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے، چودھری سرور نے کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ان کی رہائی کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائیں گے ،ڈاکٹر عنصر حیات کی طرف سے دیے جانے والے استقبالیہ میں چوہدری نواز، بیرسٹر عمر چوہان، قاسم چٹھہ، مظہر گوندل، چوہدری عنصر فاروق اور دیگر نے شرکت کی۔