روڈ ایکسیڈنٹ میں ہلاکتوں میں اضافہ، خطرناک ڈرائیورز کیلئے عمر قید کی سزا کا خیر مقدم کرتے ہیں، ارکان پارلیمنٹ

July 01, 2022

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں سڑک حادثات میں ہلاکتوں میں 30فیصد اضافہ کے اعدادوشمار کے بعد بریڈ فورڈ کے اراکین پارلیمنٹ سڑک کی حفاظت کے بارے میں مزید کام کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے آج سے نئی قانون سازی کے تحت حادثات میں شہریوں کو ہلاک کرنے والے خطر ناک ڈرائیوروں کو عمر قید کی سزا کا خیر مقدم کیا ہے، مقامی میڈیا کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کے عارضی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ2021 میں بریڈ فورڈ میں سڑکوں پر 1,457ہلاکتیں ہوئیں جو ایک سال پہلے کے 924اور 2019میں یہ تعداد 1,117 سے زیادہ ہے، پچھلے سال ضلع کی سڑکوں پر ایکسیڈنٹ سے 12افراد ہلاک ہوئے جب کہ 2020میں آٹھ جانیں گئیں، دریں اثنا، 313شدید زخمیوں کو ریکارڈ کیا گیا جو کہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں اضافہ ہے، جب 215لوگ بری طرح زخمی ہوئے تھے، واضح رہے کہ 2020میں کوویڈ امراض کے اثرات کی وجہ سے غیر معمولی طور پر کم ٹریفک کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک حادثات بھی کم ہوئے۔ شپلی کے کنزرویٹو ایم پی فلپ ڈیوس نے بریڈ فورڈ میں ڈرائیونگ کے معیار پر تنقید کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کیلئے مزید کام کرنےکا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار واقعی خوفناک ہیں بریڈفورڈ میں ڈرائیونگ کا معیارشرمناک ہے اور یہ ضروری ہے کہ پولیس اور عدالتیں اس خطرناک ڈرائیونگ پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات کریں جو بریڈ فورڈ میں لوگوں کو آئے دن نظر آتے ہیں۔ آج سےنئی قانون سازی قتل کرنے والے خطرناک ڈرائیوروں کو عمر قید کی سزا سنانے کی اجازت دے گی، بریڈ فورڈ ساؤتھ کی لیبر پارٹی کی ایم پی جوڈتھ کمنز نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان اعدادوشمار میں سے ہر ایک ممکنہ طور پر زندگی کو تبدیل کرنے یا زندگی کو ختم کرنے والی چوٹ کے المیہ سے دو چار ہے، مجھے فخر ہے کہ اس ہفتے نافذ ہونے والےقانون میں تبدیلی کے لیے مہم چلائی ہے، جس کا مطلب ہے کہ خطرناک ڈرائیونگ سے موت کا سبب بننے والوں کے لیے بہت سخت سزائیں ہوں گی، میں روڈ سیفٹی کے مسائل پر مہم جاری رکھوں گی، چاہے وہ خطرناک ڈرائیوروں کے لیے سخت سزائیں ہوں یا کواڈ بائیکس پر قانون میں تبدیلی، بریڈفورڈ کی سڑکوں پر ہلاکتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے بریڈ فورڈ ایسٹ کے ایم پی عمران حسین نے کہا کہ یہ اعداد و شمار یقیناً انتہائی تشویشناک ہیں، ایک ہولناک سانحہ اور ہر ایک نمبر کے پیچھے کسی کے خاندان اور دوستوں کے لیےناقابل تصور دلی صدمے کا باعث ہوتا ہے، ہماری سڑکوں اور ان کا استعمال کرنے والوں کو محفوظ رکھنے کےلیے ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ایم پی بننے کے بعد سے، میں بریڈ فورڈ کونسل کے لیے مہم چلارہا ہوں کہ وہ متعدد سڑکوں پر ٹریفک کو پرسکون کرنے کے بہتر اقدامات کرے جو اکثر ریس ٹریک کے طور پراستعمال ہوتے ہیں، یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو بریڈ فورڈ کے بیشتر حصوں میں پھیلا ہوا ہے۔