ڈاکٹر اسد مجید خان نے بلجیم کے بادشاہ کو اسناد سفارت پیش کیں

July 01, 2022

برسلز (حافظ اُنیب راشد) بلجیم،لکسمبرگ اور یورپین یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے برسلز کے شاہی محل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بلجیم کے بادشاہ ہز میجسٹی فلپ لیوپولڈ لوئس میری کو اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے بلجیم کے بادشاہ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان اور بلجیم کے دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے پاکستان اور بلجیم کے درمیان مزید مضبوط، متحرک اور متنوع شراکت داری کی تعمیر کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جواب میں ہز میجسٹی نے بھی پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔